ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی حکومت فلاحی اسکیموں کیلئے بروقت فنڈز جاری کرے:پرمیشور

مرکزی حکومت فلاحی اسکیموں کیلئے بروقت فنڈز جاری کرے:پرمیشور

Sun, 17 Jul 2016 10:47:30  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو16؍جولائی(ایس او نیوز) مرکزی حکومت حق تعلیم قانون اور قومی روزگار ضمانت اسکیم(نریگا ) کے نفاذ میں غیر معمولی تاخیر اور تساہل برت رہی ہے۔ مرکز کو چاہئے کہ عوام کو راست فائدہ پہنچانے والی ان اسکیموں کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز جاری کرے۔ یہ مطالبہ آج ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے طلب کی گئی بین ریاستی کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے اس میٹنگ میں نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ مرکزی حکومت کی بے شمار اسکیموں کے نفاذ کی اہم ذمہ داری ریاستی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے، لیکن ان اسکیموں کیلئے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے بروقت اس کا فائدہ مستحقین کو پہنچانے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان اسکیموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مکمل اختیار چونکہ مرکزی حکومت کے پاس ہے، اسی لئے ریاستی حکومت ان کو عملی جامہ پہنانے میں بے بس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستوں کے بلدی اداروں کو زیادہ اختیارات دینے کا امتیاز کرناٹک کو حاصل ہے۔ ملک کی تین ریاستوں میں مالیاتی کمیشن قائم ہوچکا ہے، کرناٹک ملک کی چوتھی ریاست ہوگی ،جہاں مالیاتی کمیشن تشکیل دیاجائے گا۔اگلے سال تک اس کو عملی شکل ملنے کی توقع ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے نئی تعلیمی پالیسی کی تشکیل کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ اسکولوں کا احاطہ کیا جائے۔اساتذہ کی بھرتی اور سہولیات کی فراہمی کی طرف خاص توجہ دی جائے ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ریاست کے ساحلی علاقوں کی حفاظت کیلئے ساحلی محافظ دستے کی تشکیل کے منصوبے کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو کافی پہلے ہی منظوری کیلئے تجویز روانہ کی جاچکی ہے۔ مرکز اسے جلد از جلد منظور کرے۔ نربھیا پروگرام کے تحت ملک بھر میں ہنگامی ٹاسک فورس کی تشکیل کیلئے مرکزی حکومت کی پہل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے اس ٹاسک فورس میں کرناٹک پولیس کی شمولیت کی خواہش ظاہر کی اور کہاکہ اس طرح کا نظام سب سے پہلے بنگلور میں قائم کرنے کا منصوبہ تھا، اسے عملی جامہ پہنایا جاچکا ہے۔ مرحلہ وار ریاست بھر میں بھی اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ 


Share: